ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منی پور میں بی جے پی ممبران اسمبلی پر جلد فیصلہ لیں گے گورنر: تشار مہتا نے عدالت کو بتایا

منی پور میں بی جے پی ممبران اسمبلی پر جلد فیصلہ لیں گے گورنر: تشار مہتا نے عدالت کو بتایا

Thu, 11 Nov 2021 22:50:11    S.O. News Service

نئی دہلی، 11 نومبر (آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ کو جمعرات کو یقین دلایا گیا کہ منی پور کے گورنر ’آفس آف پرافٹ‘ کیس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 12 ایم ایل اے کو نااہل قرار دینے پر الیکشن کمیشن کی رائے پر جلد ہی عمل کریں گے۔ یہ یقین دہانی سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جسٹس ایل ناگیشور راؤ، بی آر گوائی اور بی وی ناگرتنا کی بنچ کو دی  اس سے پہلے بنچ نے سالیسٹر جنرل سے گورنر کے فیصلے کے بارے میں پوچھا تھا۔ بنچ نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے مہینے میں اپنی رائے ظاہر کی تھی۔ آرٹیکل 192 کے مطابق گورنر کو فیصلہ ماننا ہوتا ہے۔ پچھلے 11 مہینوں میں کچھ نہیں ہوا،ہم کوئی حکم پاس نہیں کرنا چاہتے لیکن اپنے دفاتر کو مطلع کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر سالیسٹر جنرل نے کہاکہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم کچھ کریں گے اور کوئی ہدایت دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سپریم کورٹ نے پہلے کہا تھا کہ منی پور کے گورنر ’آفس آف پرافٹ‘ کیس میں بی جے پی کے 12 ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے پر الیکشن کمیشن کی رائے پر خاموش بیٹھ نہیں سکتے۔ عدالت عظمیٰ نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب اسے بتایا گیا کہ گورنر نے ابھی تک 13 جنوری 2021 کو الیکشن کمیشن کی رائے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کارونگ کے ایم ایل اے ڈی ڈی تھاسی اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کر رہی تھی جس میں 12 ایم ایل اے کو اس بنیاد پر نااہل قرار دینے کی درخواست کی گئی تھی کہ وہ پارلیمانی سکریٹریوں کے عہدوں پر فائز ہیں جو ’آفس آف پرافٹ‘ رکھتے ہیں۔ ایم ایل اے تھسی کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے دلیل دی کہ گورنر فیصلے کو لٹکا نہیں سکتے اور وہ رائے جاننے کے حقدار ہیں۔


Share: